65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف ہوگا: وزیر ریلوے

 
0
361

کراچی اگست 30(ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ضعیفوں کا سلیپر میں 25 فیصد اور عام ڈبے میں 50 فیصد کرایہ معاف ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے آج کراچی پہنچے جہاں انہوں نے سٹی اسٹیشن کا دورہ کیا۔شیخ رشید کی جی ایم ریلوے اور ڈی ایس سمیت دیگر افسران سے تعارفی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریلوے کی کارکردگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں 20 کروڑ عوام ریل گاڑیوں کو سفر کے لیے استعمال کریں۔ اگلی میٹنگ میں ایم کیو ایم سے بھی بات ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ 65 سال کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ضعیفوں کا سلیپر میں 25 فیصد اور عام ڈبے میں 50 فیصد کرایہ معاف ہوگا۔ 60 دن کے بعد دیکھ سکیں گے ٹرین کہاں تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ 3 افسران کو ہٹا دیا، دو لوگوں کو ایک ماہ کی وارننگ دے کر جا رہا ہوں۔ پیر اور منگل کا دن ریلوے کا اہم دن ہوگا۔ ریل کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریل کے 42 ارب کے ڈیفالٹ کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ریلوے کے اسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے لیے کھول دیں گے۔ ریل کے ملازمین کے لیے سب سے زیادہ گھر کراچی میں بن سکتے ہیں، کے الیکٹرک بھی میٹر لگانے کے لیے تیار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے سے متعلق اپنا پروگرام کیبنٹ میں لے کر جا رہے ہیں، گرین لائن طرز کی دو نئی ریل گاڑیاں چلائی جائیں گی۔ ریلوے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ 606 بوگیاں خراب ہیں جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔