پیپلزپارٹی کاعین موقع پرووٹ نہ دینا عمران خان کی جیت کاسبب بنا،مولانا فضل الرحمٰن

 
0
480

کوئٹہ اگست 30(ٹی این ایس) متحدہ مجلسِ عمل (ایم ایم اے) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیا اسی وجہ سے عمران خان وزیرِاعظم بن گئے۔صوبائی دارالحکومت میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ وزیرِاعظم کے انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے اراکین نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیا تو اسی وجہ سے عمران خان وزارتِ عظمیٰ پر فائز ہوگئے۔اپنے الزامات کو دہراتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بد ترین دھاندلی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ عام انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور نتائج کو قبول نہ کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا موقف ہے، کیونکہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپوزیشن کی جانب سے ایک متفقہ صدارتی امیدوار چاہتی ہے، تاہم پیپلز پارٹی والے قربانی دیں اور اپوزیشن کی جیت کے امکان روشن کریں۔
خیال رہے کہ صدرِ مملکت ممنون حسین کے عہدے کی میعاد 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے، جبکہ ملک کے نئے صدر کے لیے 4 ستمبر کو انتخاب ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا۔