آزادکشمیر کی جامعات کو ریسرچ / تحقیق کے مراکز بنانا ہو گا،سردار مسعود خان

 
0
358

آزاد کشمیر کی ہماری جامعات کو ملکی سطح پر پاکستان کی جامعات کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا،جامعہ پونچھ احسن طریقے سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے چھوٹا گلہ کیمپس کے مسائل حل کیے جائیں گے،صدر آزاد کشمیر 
اسلام آباد اگست30(ٹی این ایس)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہمیں آزادکشمیر کی جامعات کو ریسرچ / تحقیق کے مراکز بنانا ہو گا۔ تاکہ ان درسگاہوں سے فار غ التحصیل طلباء و طالبات ملک و قوم کا اثاثہ ثابت ہوں۔ اور ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔جامعہ پونچھ احسن طریقے سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ چھوٹا گلہ کیمپس کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مسعود خان نے پونچھ یونیورسٹی کے گیارہویں سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جوجمعرات کو ان کی صدارت میں جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان نے جامعہ پونچھ کی سالانہ پراگریس رپورٹ بھی صدر گرامی کو پیش کی۔

صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ہماری جامعات کو ملکی سطح پر پاکستان کی جامعات کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا۔ اپنے طلباء و طالبات کو ریسرچ /تحقیق کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔ جامعات میں میرٹ کی بالا دستی کو ہر قیمت پر استوار کرنا ہو گا۔صدر نے تاکید کی کہ طلبہ کو میرٹ پر داخلے دئیے جائیں ۔ فیکلٹی کو تعینات کرتے وقت اعلیٰ معیار کو مد نظر رکھا جائے۔ پروموشن اور تبادلے بھی خالصتاً میرٹ پر کیے جائیں۔ جامعات کے انفراسٹرکچر کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ صدر نے کہا کہ جامعات میں سائنس کی لیبارٹریز کو ضروری تجرباتی سامانوں سے لیس کیا جائے۔ خاص طور پر Digital Library کی جانب توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ صدر نے کہا کہ جو قومیں بھی ترقی کرتی ہیں وہ اپنے تعلیمی اداروں باالخصوص اعلیٰ تعلیم کے مراکز کو مضبوط و مستحکم بناتی ہیں اپنی افرادی قوت کو جدید علوم و فنون سے آراستہ کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ ترقی کے تمام راستے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے گزر کر جاتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ ہمیں اپنی جامعات میں ایسے جدید شعبہ جات کا اجراء اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جن کا عملی زندگی میں ملکی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ہوتا ہے۔ آج آزادکشمیر کی جامعات میں ٹورازم ، ہوٹلنگ ، پن بجلی توانائی کی پیدوار سے متعلقہ انجینئرنگ، معدنیات سے متعلقہ صنعت کو فروغ دینے کے لئے نئے مضامین کا اجراء اور تدریس کو یقینی بنانا چاہیے۔ اس کے علاوہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس میں مزید تحقیق کے عمل کو بڑھایا جانا ضروری ہے۔