پاکستان اور ایران کے درمیا ن برادرانہ تعلقات موجود ہیں: سپیکر قومی اسمبلی 

 
0
413

اسلام آباد 30اگست (ٹی این ایس)ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ اس موقع پرپاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے علاوہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفدبھی موجود تھا ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپیکر نے کہا کہ باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سر مایہ کاری ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطے خطے کے استحکام اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن ، تر قی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان اور ایران کو امت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا ۔
سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین ہمہ جہت تعلقات موجود ہیں ۔انہوں نے ایران کی جغرافیائی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو متحد کرنے کے لیے ایران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے مسلم ممالک کے مابین تعاون کوفروغ دینے کے لیے محرک پارلیمانی سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اہمیت کے حامل معاملات پر دونوں ممالک کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد د ی اورانہیں ایران کے سپیکر اور قیادت کی طر ف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کو اپنا شر اکت دار سمجھتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں اقوام تر قی اور خوشحالی کے راستے پر مل کر آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کیا ۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی حمایت کی اور ان بین الاقوامی مسائل کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا ۔
ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے پائید ار حکومتی ڈھانچے کی تشکیل او رموثر طرز حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔