عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت سندھ کی اولین ترجیع: سعید غنی

 
0
318

ٹھٹھہ، ،یکم ستمبر(ٹی این ایس): صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت سندھ کی اولین ترجیحی میں شامل ہے۔ یہ بات آج انہوں نے ٹھٹھہ میں قائم واٹر سپلائی اسکیم فیز ٹو اور مین واٹر سپلائی اسکیم کے اچانک دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں کی شکایت پر مین واٹر سپلائی اسکیم کا تفصیلی دورا کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور واٹر سپلائی تالابوں میں پانی کی کمی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے تفصیلی جواب بھی طلب کیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عملے کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے اور ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کو نوکری سے برخاست کیا جائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ عمران الحسن کو ہدایت کی کہ وہ درپیش مسائل کے متعلق تفصیلات سے فوری آگاہ کریں تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرکے انہیں پریشانی سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمن ضلع کونسل ٹھٹھہ غلام قادر پلیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ عمران الحسن خواجہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران، سیاسی، سماجی رہنماء اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔