تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش آج سےشروع، افتتاح صدر کراچی چیمبر مفسر عطاءملک تھائی قونصل جنرل کے ہمراہ کریں گے

 
0
339

کراچی، ،یکم ستمبر(ٹی این ایس):تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش آج کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شروع ہو گی جس میں تھائی لینڈ کے مختلف کاروباری شعبوں کی مصنوعات اور ٹیکنالوجی نمائش کے لیے موجود ہو گی۔نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) مفسر عطاملک، تھائی لینڈ کے قونصل جنرل کراچی سووت کائی سوک Suwat Kaewsook اور ڈائریکٹر تھائی ٹریڈ سینٹر، ڈھاکہ، ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن، تھائی لینڈ سوئبسک ڈینگ بون رینگ Suebsak Dangboonrueng کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت تجارتی حجم ایک بلین امریکی ڈالرز ہے۔ اس تین روزہ ایونٹ میں 50 ہزار لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ یہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن کی جانب سے رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے کیا گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے اعزازی ٹریڈ ایڈوائزر عارف سلیمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ 50 تھائی کمپنیاں 10 سے زائد شعبوں میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ ان مصنوعات میں فوڈز اینڈ بیوریجز، ہوم ٹیکسٹائلز، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ادویات و ہربل، ہارڈوئیر، مشینری، ہاؤس ہولڈ آئٹمز، فٹ وئیر، پارٹی ایکسیسریز، جیولری کلینر،کارپینٹ،موٹربائیک پارٹس،مشینری، رائس ملز،واٹر پیوریفیکیشن، الیکٹریکل اپلائنسز و دیگر شامل ہیں۔