مظفرآباد،بااثرافراد نے غریب گھرانے کے طالبعلم کو دھوکہ سے گھر بلاکر بے دردی سے قتل کردیا 

 
0
342

مظفرآباد ستمبر 1(ٹی این ایس)نیلم کے علاقے کٹن کے گاؤں حافظ آبادمیں بااثرافراد نے غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے ایف ایس سی کے طالب علم واجد محمودکو دھوکہ سے گھر بلاکر بے دردی سے قتل کردیا گھر کا واحد سہارا ختم ہونے جانے پروالدین غم سے نڈھال ہوگئے ‘ملزمان نے لاش کھائی میں پھینک دی ۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ۔ لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے‘ مقتول کی تدفین کردی گئی ۔ چارملزمان گرفتار ‘ سرغنہ اسلم ولد بابو احمدشاہ فرار ہو گیا۔

اہل علاقہ نے شفاف تحقیقات کرکے تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاقے کے نوجوانوں ظہور مغل ‘ ضیاد ملک ‘بلال ملک نے مرکزی ایوان صحافت کے سائلین ڈیسک میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واجد محمود ولد محمود کو ملزمان اسلم ولد بابواحمدشاہ‘ وقاص ولد غلام نبی ‘ غلام نبی ولد عبدالرحمان ‘ بابو احمد شاہ ولد عبدالعزیز‘اقراء بی بی دختر غلام نبی نے 29اگست کو ٹیلی فون کرکے اپنے گھر بلایا اور وہاں پر اسے کلاڑیوں ‘ چھریوں ‘ ڈنڈوں ‘پتھروں سے تشدد کا نشانہ بنایا ‘ گردن اور بازوتوڑ دیا ۔ تشدد کے بعد کھائی میں پھینک دیا ۔ پولیس نے چار ملزمان وقاص ‘ غلام نبی ‘ بابو احمد شاہ اور اقر اء بی بی کو گرفتار کرلیا ہے ۔ جبکہ سرغنہ ملزم اسلم فرار ہو چکا ہے ۔ مقتول محمود کے حوالے سے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے۔ ولد پاکستان میں مزدوری کرتا ہے۔ والدہ گھر میں ہے اوردوچھوٹے بھائی پڑتے ہیں ۔ انہوں نے صدر ‘وزیر اعظم ‘ چیف جسٹس اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ کی شفاف تحقیقات کرکے مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان بااثر ہیں انھیں تھانے میں پورا پروٹوکول دیا جارہا ہے۔