پاکستان ریلوے نے دو نئی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ، مارگلہ ایکسپریس اور میانوالی ریل کار راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے 15ستمبر سے چلا ئی جائیں گی

 
0
555

لاہور، ستمبر 01 (ٹی این ایس):  وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پر پاکستان ریلوے نے دو نئی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔جن دو نئی ٹرینوں کا آغاز کیا جا رہا ہے ان میں مارگلہ ایکسپریس اور میانوالی ریل کار راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے 15ستمبر سے چلا ئی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق مارگلہ ایکسپریس مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے رات سات بج کر بیس منٹ پر روانہ ہو کر رات سات بجکر پنتالیس منٹ پر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پندرہ منٹ سٹاپ کرنے کے بعد رات آٹھ بجے روانہ ہو کر رات بارہ بجکر پندرہ منٹ پر لاہور ریلوے اسٹیشن پر پہنچے گی۔

اسی طرح یہ ٹرین لاہور سے رات آٹھ بجے روانہ ہو کر چکلالہ ریلوے اسٹیشن سے ہوتی ہوئی رات بارہ بج کر پندرہ منٹ پر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی ۔ پندرہ منٹ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کرنے کے بعد رات بارہ بج کر تیس منٹ پرروانہ ہو کر رات بارہ بج کر پچپن منٹ پر مارگلہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ دوسری نئی چلنے والی ٹرین میانوالی ریل کار راولپنڈی سے صبح سات بجے روانہ ہو کر براستہ گولڑہ شریف ،ترنول ہالٹ،فتح جنگ ،بوسال ،جنڈ، میانوالی سے ہوتی ہوئی دوپہر بارہ بج کر دس منٹ پر کُندیاں ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔اسی طرح کُندیاں ریلوے اسٹیشن سے یہ ٹرین دوپہر دو بجے روانہ ہو کر براستہ میانوالی ،جنڈ،بوسال،فتح جنگ،ترنول ہالٹ ،گولڑہ شریف سے ہوتی ہوئی رات سات بجکر دس منٹ پر راولپنڈی اسٹیشن پر پہنچے گی۔