چیف جسٹس کی لاپتہ افراد کی بازیابی کی یقین دہانی

 
0
740

چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاپتہ افراد کے نام مسنگ پرسن کمیشن کو ارسال کردیے
کراچی ستمبر 2(ٹی این ایس): چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کی یقینی دہانی کرائی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچے جہاں عدالت کے باہر لاپتہ افراد کے ورثا نے احتجاج کیا ۔ چیف جسٹس نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو چیمبر میں بلاکر ان سے ملاقات کی اور گمشدہ افراد کے نام مسنگ پرسن کمیشن کو ارسال کردیے۔
اس موقع پر احتجاج کے لیے آنے والی خاتون نے اپنے لاپتا بیٹے کے بارے میں چیف جسٹس کو بتاتے ہوئے کہا کہ میں اور میرا شوہر مختلف اداروں میں دھکے کھا کھا کر تھک گئے ہیں، خاتون اپنے بیٹے کے بارے میں بتاتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئیں۔

خاتون سے ملاقات میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں، مسنگ پرسن کمیشن آپ کے بچے کو بازیاب کروائے گا، ہمیں بھی لاپتہ افراد اور ان کے گھروالوں کا احساس ہے، مسنگ پرسنز کمیشن میں اعلیٰ افسران موجود ہیں اور بہت جلد لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی ہوگی۔