وفاقی وزیر فواد چوہدری کا لاہور میں 25 سالہ ماڈل کے مبینہ قتل پر اظہار افسوس ، آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب

 
0
1178

ایسے واقعات میں قتل کے بعد خودکشی کا رنگ دے دیا جاتا ہے، تفتیش میں تمام پہلو ملحوظ خاطر رکھنے چاہئیں‘فواد چودھری 
لاہور ستمبر 2(ٹی این ایس ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے لاہور میں 25 سالہ ماڈل و فیشن ڈیزائنر انعم نوید کے مبینہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ایسے واقعات میں قتل کے بعد خودکشی کا رنگ دے دیا جاتا ہے،

لہٰذا تفتیش میں تمام پہلو ملحوظ خاطر رکھنے چاہئیں۔ فواد چودھری نے آئی جی خیبر پختونخواہ کو بھی فنکاروں کی سکیورٹی بہتر کرنے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں یہ اپنے فن کے ذریعے ملکی ثقافت اور روایات کو بیرونی دنیا میں متعارف کرواتے ہیں اس طرح کے واقعات آرٹسٹ کمیونٹی میں تشویش کا سبب بنتے ہیں،فنکاروں کے ساتھ اس طرح کے واقعات کی ترجیحی بنیادوں پر تفتیش ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ہمارے آرٹسٹ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں جو لوگ معاشرے میں خوشیاں بانٹتے ہیں ان کا احترام اور حفاظت دونوں واجب ہیں ۔