قانون سازی کے عمل کے آغاز کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے،وزیر اعظم عمران خان 

 
0
432

اسلام آباد ، ستمبر 03 (ٹی این ایس):وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قانون سازی کے عمل کے آغاز کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے یہاں وزیراعظم آفس میں مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا، متعلقہ محکموں کے وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے خیبرپختونخوا میں نچلی سطح پر عوام کو با اختیار بنانے کے لئے متعارف کرائے گئے مقامی حکومتوں کے نظام کی طرز پر دیگر صوبوں میں بھی مجوزہ نظام کو رائج کرنے پر تفصیلی پریزینٹیشنز اور زیر بیان موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی اور حقیقی معنوں میں عوام کو با اختیار بنانا پارٹی کے اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اختیارات کو چند ہاتھوں میں مرکوز کرنے اور عرصے تک ایک فرد کو اختیار دینے کے تجربات سے نہ صرف عوام کو حکومتی امور میں کسی بھی حق بات سے محروم کیا گیا بلکہ عوام سے اپنی ترقی کے لئے مناسب وسائل کا حق بھی چھینا گیا۔ وزیراعظم کی طرف سے مقامی حکومتوں کے مجوزہ ڈھانچہ پر تفصیلی غور و خوض اور ایک ہفتے کے اندر مجوزہ ڈھانچہ تشکیل دینے کے لئے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کی سفارشات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور متعلقہ صوبوں کی اسمبلیوں کے سامنے غور و خوض کے لئے پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانون سازی کے عمل کے آغاز کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔