ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ٹیکنکل ونگ کی رپورٹ پرانفینٹ فارمولہ کمپنیز کے خلاف ایکشن کی منظوری دے دی

 
0
338

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کسی بھی قسم کے انفینٹ فارمولا کو دودھ یا دودھ کا متبادل لکھنا جرم ہے ،قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی انفینٹ فارمولا کمپنیوں کے خلاف ایکشن پلان تیار
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی مانیٹرنگ، ویجیلنس ونگ کو ہسپتالوں اور مارکیٹوں کی خفیہ نگرانی کرنے کی ہدایت
لاہور، ستمبر 03 (ٹی این ایس): ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان نے ٹیکنکل ونگ کی رپورٹ پرانفینٹ فارمولہ کمپنیز کے خلاف ایکشن کی منظوری دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی انفینٹ فارمولا کمپنیوں کے خلاف ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں اتوار کے روز منعقدہ اجلاس میں انفینٹ فارمولا بنانے والی کمپنیوں کو دیا گیا بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم ختم ہوتے ہی کریک ڈاؤن شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ انفینٹ فارمولا بنانے والی کمپنیوں کو لیبل درست کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 20 ستمبر تک کی مہلت دے رکھی تھی۔

کیپٹن(ر) محمد عثمان نے ٹیکنیکل ونگ کی کارکردگی کے متعلق تفصیلی بریفنگ لیتے ہوئے یہ احکامات جاری کیے ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کسی بھی قسم کے انفینٹ فارمولا کو دودھ یا دودھ کا متبادل لکھنا جرم ہے۔ انفینٹ فارمولا کمپنیاں ہسپتالوں میں تشہیری مقاصد کے لیے مفت سیمپل بھی نہیں دے سکیں گی۔انہوں نے وارننگ جاری کر تے ہو ئے کہا کہ بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم کے دوران اصلاح نہ کرنے والی کمپنیوں کا تمام سٹاک مارکیٹ سے اٹھوا لیا جائے گا۔ سٹاک اٹھانے کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والی کمپنی کے خلاف قانون کے مطابق مزید کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان نے مانیٹرنگ اور ویجیلنس ونگ کو ہسپتالوں اور مارکیٹوں کی خفیہ نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہاکیا کہ کسی بھی پراڈکٹ یا کمپنی کو دھوکہ دہی سے اشیائے خورونوش فروخت کرنے کی صورت میں سخت سے سخت کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔