وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ویژن کی روشنی میں صحافیوں سمیت ہرطبقے کے مسائل حل کریں گے‘فیاض الحسن چوہان 

 
0
367

وزیراطلاعات کی حیثیت سے میرے اور صحافیوں کے درمیان رابطے میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی‘صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت
لاہور، ستمبر 03 (ٹی این ایس): وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ویژن کی روشنی میں صحافیوں سمیت ہرطبقے کے مسائل حل کریں گے۔وزیراطلاعات کی حیثیت سے میرے اور صحافیوں کے درمیان رابطے میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے دفتر ڈی جی پی آرمیں الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز سے غیررسمی ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب امجد حسین ، ڈائریکٹر نیوز عارف چوہدری اور ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا عابد نور بھٹی بھی موجودتھے۔صحافیوں کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیراطلاعات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ کی فلاح و بہبود وہ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں گے ۔صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے قانون سازی سمیت ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نیک نیتی اور حکمت کے ساتھ صحافیوں کے اجتماعی مسائل کا حل نکالیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات اور الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز کے درمیان مسلسل رابطے کے لئے واٹس ایب گروپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔اس موقع پر وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میڈیا کو پوری دیانتداری اور احساس ذمہ داری سے وزیراعظم عمران خان کے ترقی اور تبدیلی کے ویژن کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والا آدمی ہوں اور اسی میں خوش اور مطمئن ہوں۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد الحمراء ہال میں سپاہی مقبول حسین کی زندگی اور کارنامے پر بہترین ڈرامہ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سینماؤں کے باہر لگے ہوئے فلمی بورڈ ایسے نہیں ہونے چاہئیں کہ ہماری مائیں بہنیں اور بزرگ وہاں سے گزرتے ہوئے شرمندگی محسوس کریں۔ فلمی بورڈز پر اپنی فحش اور عریاں تصاویر سے متعلق خود کئی اداکاراؤں نے رابطہ کرکے شکایت کی ہے۔