پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں ناقص کھویا قلفی بنانے والوں کیخلاف سپیشل مہم جاری

 
0
10301

ناقص سٹوریج، تاریخ استعمال کے اندارج میں دوھکہ دہی،ناقص صفائی پر 24پروڈکشن یونٹس سیل
قلفی پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان
لاہور، ستمبر 03 (ٹی این ایس): ڈائر یکٹر جنرل پنجاب ٖفوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں قلفی پروڈکشن ہاؤسز کیخلاف دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں مصنوعی فلیورزکے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائیاں کر تے ہوئے 24قلفی پروڈکشن یونٹس کو سیل کر دیا۔سپیشل مہم کے دوسرے روز صوبہ بھر میں کھویا قلفی بنانے والے 188 پروڈکشن ہاوسز کی چیکنگ کی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قلفی یونٹس کو مصنوعی مٹھاس کے استعمال،غلط لیبلنگ،غیر معیاری خام مال ،ناقص صفائی،گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پرسربمہر کیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاہور ریجن میں 57 پروڈکشن ہاوسز کی چیکنگ کے دوران 10کو سیل، 15 کو جرمانہ اور 25 کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی ریجن میں 4 قلفہ پروڈکشن یونٹس کو سر بمہر، 16 کو جرمانہ جبکہ26 کو وارننگ نوٹس جاری کیے ہیں ۔ اسی طرح ساوتھ ریجن میں کارروائیاں کر تے ہو ئے 10 قلفہ پروڈکشن یونٹس کوسیل جبکہ 20 کو جرمانہ اور32 کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں روزانہ لاکھوں کی تعداد میں کھویا قلفیاں فروخت کی جاتی ہے۔قلفی پروڈکشن میں ناقص اور غیر معیاری اجزاء کا استعمال متعددبیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ کیپٹن(ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ قلفی کی مدت استعمال (شیلف لائف) بارے تحریر کرنے میں دھوکہ دہی پر بھی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قلفی پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشہ روز کی گئی کاروائیوں میں 5 پروڈکشن یونٹ سیل کیے گئے تھے۔