’’ غیر معمولی محنت،کام سے لگن ،عوامی خدمت کا بے مثال جذبہ اور کرشماتی لیڈر شپ‘‘

 
0
482

لاہور دسمبر 10(ٹی این ایس) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیروانگ یاجن نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہ ملاقات کے دوران ان کی غیر معمولی محنت،کام سے لگن ،عوامی خدمت کے بے مثال جذبے اور کرشماتی لیڈر شپ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قابل فخر اورولولہ انگیز لیڈر شپ میں پنجاب حکومت نے حیران کن اور متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں،بلاشبہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے آپ نے ٹھوس انداز میں عملی اقدامات کئے ہیں۔میں نے خود پنجاب کی ترقی کا عملی مشاہدہ کیاہے اوراس امر میں کوئی شک نہیں کہ یہ پنجاب سپیڈ کے ذریعے ہی ممکن ہوا ہے اورپنجاب سپیڈ آپ کی کرشماتی قیادت کا دوسرا نام ہے اوراسی پنجاب سپیڈ کے باعث چین کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں کیونکہ ہمیں اورچینی کمپنیوں کو آپ کی لیڈر شپ پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہاکہ لاہورسمیت دیگرشہروں کی خوبصورت اورصاف ستھری سڑکیں دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اوراس کا کریڈٹ آپ کی بہترین مینجمنٹ کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزآپ نے صبح6بجے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا دورہ کیااورآج تعطیل کے باوجود آپ نے اپنے سرکاری فرائض کا آغاز صبح8بجے کیا۔آپ نا کوئی تعطیل کرتے ہیں اور نہ آرام، صرف کام، کام اور کام کرتے ہیں اورمحنت کے ساتھ اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔میں آپ کی محنت ، کام سے لگن اور عوامی خدمت کے غیر معمولی انداز سے بہت متاثر ہوں اوریہ خوبیاں آپ کی شخصیت کا خاصہ ہیں جن کی وجہ سے آپ ایک مقبول عوامی رہنماء ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے انتہائی محنت کے ساتھ توانائی منصوبوں کو قلیل عرصے میں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اورآج پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی ہے جس کا فائدہ پاکستانی عوام کو پہنچ رہا ہے۔چینی وزیر نے وزیراعلیٰ کو لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔