موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں توانائی کے منصوبے مکمل کر کے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے‘شہبازشریف

 
0
288

لاہور دسمبر 10(ٹی این ایس) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیروانگ یاجن کی سر براہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اور مسلم لیگ (ن)و کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات کو مزیدمضبوط کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر وانگ یاجن نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی انتھک محنت اور کرشماتی لیڈر شپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قابل فخر قیادت میں پنجاب میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور شہباز شریف کی پنجاب حکومت نے حیران کن اور متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ٹھوس اور شاندار اقدامات کئے ہیں۔پنجاب آ کر علم ہوتا ہے کہ پنجاب سپیڈ شہباز شریف کا دوسرا نام ہے اورشہباز شریف نے پنجاب سپیڈ کے ذریعے صوبے کی تعمیر و ترقی میں کرشماتی انداز میں غیر معمولی کام کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی کے باعث پاکستان میں متعدد چینی کمپنیاں کام کررہی ہیں جبکہ پنجاب میں چینی کمپنیوں نے متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کررکھی ہیں اورہم آپ کی ولولہ انگیز قیادت کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہروں کی سڑکوں کوخوبصورت اور صاف ستھرا دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے،بلا شبہ یہ کارنامہ شہباز شریف نے بہترین مینجمنٹ کے ذریعے سر انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے صبح6بجے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا دورہ کیااورآج تعطیل کے باوجود آپ نے اپنے سرکاری فرائض کا آغاز صبح8بجے کیا۔آپ نا کوئی تعطیل کرتے ہیں اور نہ آرام، صرف کام، کام اور کام کرتے ہیں۔میں آپ کی محنت ، کام سے لگن اور عوامی خدمت کے غیر معمولی انداز سے بہت متاثر ہوں اوریہ خوبیاں آپ کی شخصیت کا خاصہ ہیں جن کی وجہ سے آپ ایک مقبول عوامی رہنماء ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اوران میں مزید وسعت آرہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے انتہائی محنت کے ساتھ توانائی منصوبوں کو قلیل عرصے میں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اورآج پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی ہے جس کا فائدہ پاکستانی عوام کو پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے باعث پاکستان میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے اورچین پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ چند ملک سی پیک کی مخالفت کررہے ہیں لیکن اسے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگابلکہ وہ ترقی اورخوشحالی کے سفر کے اپنے مواقع ضائع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اوردونوں جماعتوں کے تعلقات میں وقت گزرنے کیساتھ مضبوطی آ رہی ہے۔دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اورپارٹی کی سطح پر دوستی کو مزید مستحکم کریں گے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہر سطح پر تعاون ہمیشہ کیلئے جاری رکھے گی۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر نے لاہور اورنج لائن میٹر و ٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیاں اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کریں گی ۔انہوں نے منصوبے کی اجازت ملنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ یہ مفاد عامہ کا بہت بڑا منصوبہ ہے جس کیلئے ہمار اتعاون آپ کے ساتھ رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ میں نے خود بھی اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا دورہ کیا ہے اورہماری کوشش ہوگی کہ اس منصوبے کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے مکمل کیاجائے تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں مل سکیں ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں پورا تعاون جاری رکھے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کے تعلقات ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی کو سی پیک نے مزید مضبوط کیا ہے اور سی پیک کے باعث پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں توانائی کے منصوبے مکمل کر کے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے۔پاکستان میں جتنے منصوبے موجودہ حکومت نے مکمل کئے ہیں، 70سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔پنجاب حکومت نے توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈمدت میں تکمیل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔گزشتہ روز جھنگ میں 1263میگاواٹ کے پنجاب گیس پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھاگیاہے اوریہ منصوبہ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ چین کے صدر شی جن پنگ ایک عالمی مدبر کے طورپرہمیشہ یاد رکھے جائیں گے کیونکہ انہوں نے چین کو ترقی کی نئی شاہراہ پر گامزن کیا ہے۔بیلٹ اورروڈ کے شاندار ویژن کے تحت وہ دنیا کے ممالک کو آپس میں ملا رہے ہیں۔کرپشن کے خلاف چینی صدر کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت کیے جانے والے اقدامات سے چینی صدر کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے باعث پاکستان تعمیر و ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے۔پاک چین تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے اورسی پیک کے باعث کچھ عناصر پریشان اور خائف ہیں جبکہ ہمارے دوست سی پیک سے خوش ہیں۔پاکستان اور چین کے دوست اور دشمن مشترکہ ہیں۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کا پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے بلا جواز رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اوراب یہ منصوبہ دوبارہ ٹریک پر آ گیا ہے۔ ہم ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ انتھک محنت سے کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے عام آدمی کو باعزت عالمی معیار کی سفری سہولتیں مہیا کریں۔رکاوٹوں کے باوجود چین کے صدر، ایگزم بینک آف چائنہ اور این ڈی آر سی سے منصوبے کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ چینی قیادت اور حکومت کا پنجاب حکومت پر بے پناہ اعتماد کا اظہار ہے اورمیں اس پر تمام چینی رہنماؤں اور حکام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں ۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ چینی وفد میں کمیو نسٹ پارٹی آف چائنہ انٹر نیشنل ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداران اور چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن شامل تھے۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، رانا مشہود احمد، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئر مین منصوبہ بندی و ترقیات ، لارڈ میئر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔