گورنر سندھ کی پیر پگارا سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات

 
0
931

کراچی ستمبر 13 (ٹی این ایس): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ،عوامی مسائل کے حل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پیر پگارا صوبہ کی اہم روحانی اور سیاسی شخصیت ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ان سے ملاقات عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال کے عمل کا حصہ ہے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ان کی معیاری تکمیل کے لئے ضروری ہے۔پیرپگارا نے اپنی رہائش گاہ آمد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز نے ملاقات کے عمل کا آغاز صوبہ کے لئے خوش آئند ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ ، جمال صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔