اسلام آباد 14 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): پاک ایران سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پرحملے کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا تاہم جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کوشدید نقصان پہنچا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان میں عبدوئی سیکٹرمیں پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کردیا۔آئی ایس پی آر کا کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک ظہیراحمدشہید ہوگیا ، سیکیورٹی فورسز نے فرارہونیوالے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کوشدیدنقصان پہنچا۔ترجمان کے مطابق شہیدلانس نائیک ظہیراحمدکاتعلق نوشکی سے ہے، لانس نائیک ظہیراحمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کامقصدبلوچستان کے امن وترقی کومتاثرکرناہے، سیکیورٹی فورسزدشمن عناصرکی کارروائیوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔