ہر شہری کو معیاری تعلیم کے حصول کے لیے سہولیات میسر ہونی چاہیے‘ سردار مسعود خان

 
0
377

اسلام آباد دسمبر 12(ٹی این ایس) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعودخان نے کہا ہے کہ عوام کو اعلیٰ و معیاری تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اور پائیدار کوششوں کو یقینی بنایا جائے ۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف پونچھ اور میرپور یونیورسٹی و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے منگ اور پلندری میں سب کیمپسز کے قیام کے سلسلے میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں وزیر خزانہ ، صحت عامہ اور منصوبہ بندی ڈاکٹر نجیب نقی ، وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رسول جان ، وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان ، نمائندہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ، سدھن ایجوکیشن کانفرنس ، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اینڈ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آف منگ نے بھی شرکت کی ۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منگ کیمپس کے لیے اراضی کا انتخاب و حصول سے متعلقہ معاملات جملہ کلیدی سٹیک ہولڈر کی مشاورت سے جلد طے کر لیے جائیں گے ۔صدرجموں و کشمیر جو آزاد کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر بھی ہیں نے ذیلی کیمپس منگ میں ایجوکیشن سٹڈیز ، کمپیوٹر سائنسز، انگلش لینگویج اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران صدر نے ذیلی کیمپس منگ کے لیے حصول اراضی و دیگر متعلقہ معاملات کو یکسو کرنے کے سلسلہ میں ڈاکٹر نجیب نقی کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انہیں تمام شراکت داروں سے مشاورت کے ساتھ معاملات کو طے کر کے حتمی رپورٹ ایک ماہ کے اندر پیش کرنے کی ہدایت دی ۔

صدر مسعود خان نے کہا کہ ہمیں معیار تعلیم اور پیشہ وارانہ سر گرمیوں پر سمجھوتہ کیے بغیر HEC کی ضروریات و معیار کے مطابق ذیلی کیمپسز کے قیام اور عمل کو تیز کرنا ہو گا ۔ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان وائس چانسلر مسٹ نے صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سب کیمپس پلندری کے قیام کے سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ اور اس ضمن میں حتمی رپورٹ اندر 3 ہفتے پیش کر دی جائے گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے چیئرمین HEC ڈاکٹر مختار اور HEC کی انتظامیہ کی جانب سے آزاد کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ۔ صدر آزاد کشمیر نے ذیلی کیمپسز منگ اور پلندری میں جملہ تعلیمی پہلوؤں ، سٹاف کی رہائش ، طلبہ کے ہاسٹل کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید طرز کی تعمیرات پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے لیے ہاسٹل اور ذیلی کیمپسز کے سٹاف کی رہائش کے لیے بنیادی طور پر فوری اقدامات اٹھائے جانے چاہئے ۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم ہر سطح پر معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم تک رسائی لوگوں کا بنیادی حق ہے اور یہ آزاد کشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو معیاری تعلیم تک با آسانی رسائی کی سہولیات فراہم کرے ۔