مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ہوگیا

 
0
566

بلاول بھٹو زرداری کی صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے ملاقات، دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی ترک کرنے پر اتفاق کرلیا
اسلام آباد ستمبر 27 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ہوگیا، بلاول بھٹو زرداری کی صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے ملاقات، دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی ترک کرنے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل سے رہا ہونے کے بعد کچھ روز قبل سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔
آصف علی زرداری بیگم کلثوم نواز کی وفات پر عیادت کیلئے جاتی امراء پہنچے تھے جہاں ان کی نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد خبریں سامنے آئی تھی کہ نواز شریف نے آصف زرداری کو مل کر چلنے کا پیغام دیا ہے۔ نواز شریف آصف زرداری کیساتھ مل کر حکومت کیخلاف محاذ کھولنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں نواز شریف نے آصف زرداری کو پیش کش کی ہے کہ آئندہ ماہ شیڈول 37 نشستوں کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مشترکہ طور پر تحریک انصاف کیخلاف اپنے امیدوار اتاریں۔
تاہم مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا۔ اب پچھلے کچھ روز سے چلنے والی خبریں درست ثابت ہوئی ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ہوگیا ہے۔ جمعرات کے روز پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی ترک کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اب ایک دوسرے پر تنقید نہیں کریں گی اور حکومت کیخلاف مشترکہ محاذ بنائیں گے۔