آرمی چیف نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

 
0
559

راولپںڈی ستمبر 28 (ٹی این ایس): آرمی چیر نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ سزائے موت پانے والے دہشتگرد مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں نے سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
سزائے موت پانے والے دہشتگرد تخریب کاری کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے۔ دہشتگرد تعلیمی اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ دہشتگرد حملوں میں 49 اہلکار اور شہری شہید ہوئے جبکہ 148 اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔ سزائے موت پانے والے تمام دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے فوجی عدالتوں میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔
سزائے موت پانے والے دہشتگردوں میں عین اللہ ، نیک ولی، فضل منان، نعمت اللہ، مسین زادہ ، رحمت زادہ ، زید محمد ، رحمان ، عظمت ، رقیم اور اکرام شامل ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ماہ 10 ستمبر کو بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کی تھی۔ ان دہشتگردوں میں 7ایسے دہشتگرد ہیں جن کومختلف سزائیں بھی دینے کی توثیق کی گئی ۔ جس کے بعد آج بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔