راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایکسرے شیٹس نایاب ،مریض ذلیل وخوار

 
0
1086

راولپنڈی اگست 12(ٹی این ایس)راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے شعبہ ایمرجنسی اور او پی ڈی میں ایکسرے شیٹس نایاب ہو گئی جس کی وجہ سے مریض شدید مشکلات سے دوچار ہیں ایکسرے ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ایکسرے شیٹس کی مطلوبہ تعداد فراہم نہیں کی جارہی جسکی وجہ سابقہ کمپنی سے کنٹریکٹ ختم ہونا ہے جبکہ نئی کمپنی سے کنٹریکٹ جلد متوقع ہے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی مریضوں کیلئے دستی ایکسرے کی سہولت میسر ہے جس میں وقت زیادہ لگتا ہے جبکہ وی آئی پی وارڈ میں داخل مریضوں کیلئے خودکار ایکسرے کی سہولت میسر ہے کیونکہ وی آئی پی وارڈ کیلئے سٹور روم میں تمام سہولیات کیلئے علیحدہ کوٹہ مختص ہے جس میں ایمرجنسی کے باوجود عام مریضوں کو سہولت مہیا نہیں کی جاتی

دوسری جانب راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریب مریضوں کو پرائیویٹ علاج کیلئے بھی اکسائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کیلئے اسپتال کے اندر ایک مخصوص گروہ متحرک ہے اس گروہ کے ارکان میں او پی ڈی میں تعینات ڈاکٹرز کا سٹاف بھی شامل ہے جو دور دراز سے آئے شہریوں کو رش سے بچنے کیلئے دن دو بجے کے بعد پرائیویٹ علاج اور ٹسٹوں کیلئے رضا مند کرتے ہیں یاد رہے ڈویژن کے واحد دل کے اسپتال میں وی آئی پی وارڈ اور ایڈمنسٹریشن بلاک وسیع پیمانے پر بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے اسپتال میں بے پناہ رش دیکھنے میں آتا ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ اسپتال میں گنجائش ہونے کے باوجود او پی ڈی میں ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جاتا جسکی وجہ سے صبح چھ بجے معمول کے چیک آپ کیلئے اسپتال آنے والے مریضوں کو سہہ پہر تک انتظار کرنا پڑتا ہے شہریوں کا مزید کہنا تھا انتظامی امور سے متعلق شکایات کے باوجود مسائل جوں کے توں ہیں تاہم عوام پرامید ہیں کہ پنجاب میں نئی حکومت کے قیام کے بعد راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سفارشی مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر علاج کی سہولت بند ہو جائے گی جبکہ علاج معالجے کی سہولیات میں بھی بہتری آئے گی