پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان

 
0
1064

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ 30 ستمبر کو کیا جائے گا، اضافے کی صورت میں اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا
اسلام آباد ستمبر 28 (ٹی این ایس): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ 30 ستمبر کو کیا جائے گا، اضافے کی صورت میں اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق 22 ستمبر کو موصول ہونے والی خبر کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع نے بتایا تھا کہ یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے اضافے کا امکان ہے۔
پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 30 پیسے فی لٹر اضافہ کیا جائے گا ۔ جبکہ مٹی کا تیل 10 روپے، لائٹ ڈیزل 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ تاہم بعد ازاں اوگرا حکام نے اس خبر کی تردید کردی تھی۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبرکے لیے اوگرا کا ورکنگ پیپر اگلے ہفتے تیار ہوگا جب کہ قیمتوں میں ردوبدل کی حتمی سمری 30 ستمبر تک بھجوائی جائے گی۔ اس حوالے سے اب ایک اور خبر سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ 30 ستمبر کو کیا جائے گا، اضافے کا فیصلہ ہونے کی صورت میں اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ نے روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دیا تھا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے پارلیمنٹ میں کیے گئے خطاب کے دوران کہا تھا کہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کا اثر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے۔