افغان شہریوں کی پاکستان میں آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی عائد، ڈائریکٹر امیگریشن عصمت اللہ جونیجو نے تصدیق کر دی

 
0
384

اسلام آباد جنوری 03 (ٹی این ایس): افغان شہریوں کی پاکستان میں آزادنہ نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر امیگریشن عصمت اللہ جونیجو نے افغان شہریوں کی پاکستان میں آزادنہ نقل و حرکت پر عائد پابندی کی تصدیق کی اور بتایا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر افغانستان کا نام ویزہ آن آرائیول کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ اس وقت 24 ممالک کے شہریوں کو ویزہ آن ارائیول کی سہولت دی جا ری ہے۔عصمت اللہ جونیجو نے کہا کہ افغان شہریوں کو ایئر پورٹ پر ویزا کے اجراء کا عمل بھی روک دیا گیا ہے، افغان شہری اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رجسٹریشن کرانے کے پابند ہوں گے، ان کی ایئر پورٹ پر فارم سی کے ذریعے انٹری کی جائے گی، ان کی جانب سے قیام پرمٹ کی واپسی پر ٹریول پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ افغان شہریوں کی معلومات متعلقہ ڈی پی او اور تھانے کو فراہم کی جا ئے گی۔قبل ازیں گذشتہ برس 20 افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے برطانیہ بھیجنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کی تفتیشی رپورٹ گذشتہ روز سامنے آئی۔ برطانوی حکومت کی شکایت پر تیار کی گئی تفتیشی رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی منظوری سے سیکرٹری داخلہ کو ارسال کی گئی۔ تفتیشی رپورٹ میں افغان شہریوں کو جعلی پاسپورٹ پر اسلام آباد سے برطانیہ اسمگل کرنے کے اسکینڈل میں ایف آئی اے نے انکوائری رپورٹ میں اپنے ڈائریکٹر انعام غنی اور ساتھیوں کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ اسٹاف امیگریشن بھی اس مکروہ دھندے میں ملوث نکلا۔ تاہم اب افغان شہریوں کے پاکستان میں آزادنہ نقل و حرکت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جبکہ افغانستان کا نام ویزہ آن آرائیول کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔