سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

 
0
369

اسلام آباد جنوری 07 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس کیس کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن نے کی۔دوران سماعت سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے درخواست میں موقف اپنایا کہ جب تک اسلام آباد ہائیکورٹ مرکزی اپیل پر فیصلہ نہیں سنا دیتی ، نواز شریف کی سزا معطل کی جائے اور نوازشریف کو رہا کیا جائے۔ جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ابھی آپ کی اپیل پر نمبر ہی نہیں لگا۔سزا معطلی کی درخواست کیسے سنیں؟ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اپیل فائل کر دی ہے؟ عدالت کا کہنا تھا کہ جب تک مرکزی اپیل فائل نہیں ہو جاتی درخواست نہیں سُن سکتے۔ جس کے بعد عدالت نے نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 24 دسمبر کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو سات سال قید کے علاوہ تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جُرمانہ اور ان کی جائیداد ضبطگی کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 28 جولائی 2017 کو پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔