اسلام آباد جنوری 07 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن نے رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر فاٹا کی سابق ایجنسیوں اور پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور لکی مروت میں ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے حلقہ جات 100 سے 115 کے انتخابات کے ضمن میں عوام الناس اور رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر اورکزئی، باجوڑ، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، خیبر، کرم، مہمند اور ایف آر بنوں کے علاوہ پشاور، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور لکی مروت میں ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان اضلاع کے رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج یا عارضی پتہ کے مطابق یقینی بنائیں اور 10 جنوری 2019ء سے 29 جنوری 2019ء تک ان اضلاع میں قائم مراکز پر فارم 21 جمع کرائیں۔ یہ مراکز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔ الیکش کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کو بھی اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔












