رواں سال جون سے بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن شروع کر دیں، دسمبر 2019 میں کام شروع اور اپریل 2022 میں ایک حصہ مکمل کریں گے ،ْ اٹارنی جنرل
اسلام آباد جنوری 07 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش کردیا ہے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا مہمند ڈیم عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی تو اٹارنی جنرل نے عدالت میں ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش کردیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ واپڈا بہت دیر سے عدالت سے رابطے میں نہیں ہے اور سمجھتا ہے اب اس کی من مرضی ہے، وہ ہمیں الگ کرنا چاہتا ہے اس کو دیکھ لیں گے، ڈیمز کی تعمیر کی ابتداء عدالت عظمی نے کی اور نگرانی بھی عدالت ہی کرے گی، ہمیں یہ بتائیں تعمیر کب شروع ہوگی اور کب ختم ہوگی ۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ رواں سال جون سے بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن شروع کر دیں، دسمبر 2019 میں کام شروع اور اپریل 2022 میں ایک حصہ مکمل کریں گے، ڈیم کی تعمیر 2027 میں مکمل ہوگی۔چیف جسٹس نے کہا کہ 2025 میں تو پاکستان میں پانی ختم ہو جائیگا۔ کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔