اسلام آباد اپریل 10 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے 26 فروری کو ہونے والی بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی دو بھارتی جہاز گرانے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ہمیں اپنی پاک فوج کی جرات و بہادری پر فخر ہے اور کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں پوری قوم اپنی پوری طاقت کے ساتھ اپنے جانبازوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو گی، مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لیئے جو دلیرانہ جدوجہد کر رہے ہیں یہ کمیٹی اس جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کرتی ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین رانا شمیم احمد خان کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران رکن کمیٹی نوابزادہ افتخار احمد خان نے قرار داد پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی 26 فروری کو ہونے والی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے اور 27 فروری کو دو بھارتی جہاز گرانے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ہمیں اپنی پاک فوج کی جرات و بہادری پر فخر ہے اور کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں ہم پوری قوم اپنی پوری طاقت کے ساتھ اپنے جانبازوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ،کمیٹی نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی ،اجلاس کے دوران وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان حکام نے کمیٹی کو وزارت سے متعلق بریفنگ دی، وزارت کے حکام نے بتایا کہ پچھلے دو سال میں آزاد کشمیر کیلیئے بلاک ایلوکیشن 12 ارب سے بڑھ کر 22 ارب تک چلی گئی ہے،جبکہ گلگت بلتستان کیلیئے بلاک الوکیش 9 ارب سے بڑھ 15 ارب تک چلی گئی ہے،وزارت کا بجٹ 2017-18 میں 130 ملین تھا جبکہ 2018-19 میں وزارت کا بجٹ 141 ملین ہے، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 14، 14 سال کے ترقیاتی منصوبے زیر التوا ہیں،گلگت بلتستان کی محرومی زیادہ ہے،اس کے لیئے کام زیادہ کرنا ہے، رکن کمیٹی نثار احمد چیمہ نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک میں ہمارے سفارتخانوں کو پابند کیا جائے کہ ہر ماہ اس ملک کے اخبارات میں ایک آرٹیکل مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لکھا جائے، اس موقع پر نثار احمد چیمہ نے قرارداد پیش کی کہ قائمہ کمیٹی مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور اس کے ظلم وستم کی بھرپور مذمت کرتی ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لیئے جو دلیرانہ جدوجہد کر رہے ہیں یہ کمیٹی اس جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کرتی ہے،کمیٹی نے اجلاس کے دوران پیش ہونے والی قراردادوں کو یکجا کر کے متفقہ طور پرمنظور کر لیا۔
اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سلیم الرحمن، محبوب شاہ، محمد بشیر خان، محمد یعقوب شیخ، عبدالمجید خان، نیاز احمد، روبینہ جمیل، غزالہ سیفی، جمشید، نثار احمد، الم داد اور خالد احمد خان وزارت امور کشمیر کے حکام نے شرکت کی۔