ایل اوسی پربھارتی فوج کی فائرنگ،ایک شہری شہید،ایک خاتون زخمی بھارتی فورسز نے بگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی، پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔آئی ایس پی آر

 
0
457

راولپنڈی جنوری 07 (ٹی این ایس): بھارتی فورسز کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بھارتی فورسز نے بگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شہری محمد عظیم شہید ہوگیا، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی، پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر ایل او سی کے بگسر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کردی۔فائرنگ بھاری ہتھیاروں سے کی گئی ہے۔ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری محمد عظیم شہید ہوگیا، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ کا پاک فوج کے منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج کی جوابی کاروائی کے باعث بھارتی فورسز کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ واضح رہے ایل اوسی پر بھارت نے سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزیاں بڑھا دی ہیں۔ دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھارت کی ایل اوسی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور بلااشتعال فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا۔پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کردیا ہے۔