نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت درخواست فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 21 جنوری مقرر کر دی گئی، اہل افراد کو فام مقررہ تاریخ تک جمع کروانے کی ہدایت

 
0
1238

فیصل آباد جنوری 08 (ٹی این ایس): نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت درخواست فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 21 جنوری مقرر کر دی گئی ہے اور اہل افراد کو اپنے فارم مکمل کوائف کے ساتھ مقررہ تاریخ تک جمع کروانے کی ہدائت بھی کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ مقررہ تاریخ کے بعد کوئی درخواست فارم وصول نہیں کیا جائے گا۔ منگل کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ خاندان میںخاوند ، بیوی اور انحصار کردہ بچوں میں سے صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی۔انہوںنے بتایاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام عام عوام کے لئے ہے لہٰذا ایسے خاندا نوں کو ترجیح دی جائے گی جن کی اپنی ملکیت میں کوئی گھر نہ ہو۔ انہوں نے بتایاکہ پہلے مرحلہ میں 7 اضلاع میں رجسٹریشن کا عمل شروع کرایا گیا ہے لہٰذا جو حضرات دیگر اضلاع میں گھر کے خواہشمند ہیں وہ رجسٹریشن کے اگلے مرحلے کا انتظار کریں کیونکہ دیگر اضلاع میں رجسٹریشن کے عمل کا اعلان 21 جنوری کے بعد کیا جائے گا۔انہوںنے بتایاکہ رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائٹ www.nadra.gov.kp سے ڈائوں لوڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ رجسٹریشن فارم ہائوسنگ پروگرام کے مختص کردہ دفاتر میں جمع کراتے وقت 250 روپے رجسٹریشن فیس جمع کروانا بھی ضروری ہو گی۔انہوںنے بتایاکہ درخواست گزار اس بات کی تسلی کر لیں کہ فارم اچھی کوالٹی کا پرنٹ اور انگریزی زبان کے بڑے حروف میں واضح طور پر پر کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جو فارم نہ پڑھا جا سکتا ہو وہ واپس کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں شہری رجسٹریشن فارم جمع کراتے وقت رسید ضرور حاصل کریں اور یہ تسلی کر لیں کہ رسید پر افسر مجاز کے دستخط موجود ہیں اور آپ کا شناختی کارڈ اور ٹریکنگ نمبر درست درج کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس مرحلے میں رجسٹریشن کاعمل دوماہ تک جاری رہے گا لہٰذا عوام اپنی سہولت کے پیش نظر منتخب کردہ دفاتر آئیں تاکہ رش کے باعث انہیں کسی قسم کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔