زلفی بخاری نے زیر استعمال موبائل فونز پر عائد ٹیکس کے خاتمے کی خبر کی تردید کردی وزیر مملکت حماد اظہر کے استفسار پر وزیر اعظم کے مشیر نے موقف اختیار کیا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا

 
0
418

اسلام آباد جنوری 11 (ٹی این ایس): زلفی بخاری نے زیر استعمال موبائل فونز پر عائد ٹیکس کے خاتمہ کی خبر کی تردید کردی، وزیر مملکت حماد اظہر کے استفسار پر وزیر اعظم کے مشیر نے موقف اختیار کیا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ایک قومی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز نے اعلان کیا ہے کہ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے افراد اپنے ساتھ چاہے جتنے مرضی استعمال شدہ موبائل فونز لائیں، ان پر ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔تاہم اس خبر کے سامنے آتے ہی وزیر مملکت برائے خزانہ حماد اظہار نے زلفی بخاری سے فوری رابطہ کیا۔ حماد اظہر کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر زلفی بخاری نے موقف اختیار کیا کہ قومی اخبار کی رپورٹ میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا ہے۔ انہوں نے استعمال شدہ موبائل فونز پر کسی قسم کا ٹیکس عائد نہ ہونے کا بیان نہیں دیا۔ واضح رہے کہ قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانی وطن واپسی پر اپنے ساتھ جتنے مرضی استعمال شدید موبائل فونز لا سکتے ہیں۔زلفی بخاری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے بہتر سے بہتر اقدامات کریں۔ وزیراعظم کے مشیر کا کہنا ہے کہ موبائل فونز ٹیکس غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے عائد کیا گیا ہے۔ تاہم پھر بھی وہ کوشش کر رہے ہیں کہ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کو 1 کی بجائے 2 یا 3 نئے موبائل فونز بنا ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ لانے کی اجازت دے دی جائے۔اس حوالے سے وہ وزارت خزانہ کیساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر نے یہ واضح کیا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے زیر استعمال موبائل فونز بنا کسی ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ لا سکتے ہیں۔ استعمال شدہ موبائل فونز پر کسی قسم کا ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی موبائل فونز کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بیرون ممالک سے لائے جانے والے نئے موبائل فونز پر ٹیکس عائد کر دیا ہے۔بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے افراد اپنے ساتھ بنا ٹیکس کی ادائیگی کے صرف ایک نیا موبائل فون لا سکتے ہیں۔ ایک سے زائد نئے موبائل فونز پر ائیرپورٹ پر ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ ناصرف ٹیکس کی ادائیگی، بلکہ بیرون ممالک سے لائے جانے والے موبائل فونز کو پاکستان میں باقاعدہ رجسٹر بھی کروانا ہوگا۔