آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے رواں سال ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا، فی الحال دورہ ناممکن، مستقبل میں آکر کھیل سکیں گے:کرکٹ آسٹریلیا

 
0
2710

سڈنی جنوری 13 (ٹی این ایس): کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں ون ڈے میچز کھیلنے سے انکار کردیا ہے ۔ آسٹریلوی میڈیا ( سی اے )کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال دورہ ممکن نہیں ہے ، مستقبل میں پاکستان آکر کھیل سکیں گے۔ آسٹریلیا کی جانب سے انکار کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ میں شیڈول تمام پانچ ون ڈے میچز اب یو اے ای میں ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورے کے دوران 2 ون ڈے میچز کراچی یا لاہور میں کھیلنے کی تجویز دی تھی جب کہ سیریز کے باقی میچز یو اے ای میں ہونا تھے، آسٹریلیا نے 1998 ءسے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے ۔موجودہ آسٹریلیوی ٹیسٹ کپتان ٹم پین نے2017ءمیں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ ون ڈ ے کپتان ایرون فنچ اور پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ سکیورٹی کے معاملات کلیئر ہونے کی صورت میں وہ پاکستان جاکر کھیلنے کے لیے تیار ہیں ۔