ملک اناڑیوں کے ہاتھ میں آگیا ہے، ان سے ملک سنبھل رہا ہے نہ اپنی پارٹی سنبھل رہی ہے، جس طرح کی غیر سنجیدگی کا یہ مظاہرہ کر رہے ہیں اس کا خمیازہ اس ملک کے لوگوں کو بھگتنا پڑے گا اور وہ بھگت رہے ہیں، سعید غنی

 
0
317

کراچی جنوری 15 (ٹی این ایس): سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاہے وفاقی حکومت کی غیرسنجیدگی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، ملک اناڑیوں کے ہاتھ میں آگیا ہے، ان سے ملک سنبھل رہا ہے نہ اپنی پارٹی سنبھل رہی ہے۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں نے جو نئے پاکستان کا نعرہ سنا تھا اور اب لوگ بیچارے نئے پاکستان اور پاکستان والوں کو بھگت رہے ہیں۔ملک کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملک کی معاشی حالات بہت خراب ہیں۔ سیاسی عدم استحکام ہے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ ملک پر اللہ تعالی رحم کرے۔ مِیں سمجھتا ہوں کہ اللہ ان کو عقل دے یہ ملک کو ملک سمجھ کر چلائیں۔انہوں نے کہا کہ اس کو ذاتی ادارہ سمجھ کر نہ چلائیں، جس طرح کی غیر سنجیدگی کا یہ مظاہرہ کر رہے ہیں اس کا خمیازہ اس ملک کے لوگوں کو بھگتنا پڑے گا اور وہ بھگت رہے ہیں۔