اقوام متحدہ اپنے مینڈیٹ میں رہ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔

 
0
330

اسلام آباد جنوری 18 (ٹی این ایس): اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈہ اسپنوزا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے مینڈیٹ میں رہ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔ پرامن اورمستحکم افغانستان پورے خطے کے لیے اہم ، افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔مہاجرین کو پناہ دینا کسی بھی ملک کے لیے ’ایک بہت اہم بوجھ ہے،ایسے ممالک کی فراخدلی کا اعتراف اور انہیں معاوضہ کی فراہمی مشترکہ ذمہ داری ہے۔جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماریا اسپنوزا نے پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کو بہت مفید دیا اور کہا کہ میرے لیے پاکستان کا دورہ اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران امیگریشن اور مہاجرین کے حوالے سے معاملات سمیت متعدد امور زیر بحث آئے۔اسپنوزا نے پاکستان کو لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ مہاجرین کو پناہ دینا کسی بھی ملک کے لیے ’ایک بہت اہم بوجھ ہے اور اس فراخ دلی کا مظاہرہ کرنے والے ایسے ممالک کا اعتراف کیا جانا چاہیے اور انہیں معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا اور کہا کہ پر امن افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے۔کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ماریا نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنے مینڈیٹ میں رہ کر اس مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات کے دوران کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جس میں مسئلہ کشمیر سمیت مقبوضہ کشمیر میں انسنای حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی شامل ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی صدر نے پاکستان میں ماحولیاتی بہتری اور خواتین کے بنیادی حقوق کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا ۔