بلوچستان اور سندھ پولیس باہمی تعاون سے اسمگلنگ کا قلع قمع کریں گے۔ مرتضیٰ وہاب

 
0
464

کراچی جنوری 23 (جنوری): وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سندھ پولیس اور بلوچستان پولیس باہمی تعاون سے ایسی اسٹریٹجی بنارہے ہیں جس کے بعد ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کا خاتمہ ہوسکے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سندھ اسمبلی بلڈنگ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی بلوچستان سے اس ضمن میں بات چیت ہوئی ہے کہ سرحدوں پر غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ستر ہزار لیٹر ایرانی پٹرول پکڑا گیا ہے جو بڑی گاڑیوں میں خفیہ ٹینکوں میں اسمگل کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق ہر ہفتہ اجلاس ہوگا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے اور اس کی سربراہی وزیرِ اعلیٰ سندھ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں پولیس فائرنگ سے زخمی ہوئے والے جوڑے کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ان دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم جاری ہے اب تک سندھ سے سترہ ہزار گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں پکڑی گئی ہیں انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹ چسپاں نہ کریں اس وقت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار نمبر پلیٹس تیار ہیں مگر عوام ان کو وصول کرنے نہیں آرہے ہیں جو کہ سراسر شہری ضوابط کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ پر کام شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے فیز میں ریڈ زون پر کام کیا جارہا ہے ۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منی بجٹ پیش کرکے اپنی ناکامی کا خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پہلے صحیح بجٹ نہیں دیا ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کا طوفان آچکا ہے ۔ سندھ ریوینیو بورڈ کی وصولی کی شرح پورے پاکستان کے سامنے بے ہم ایف بی آر کو درست سمت میں چلا سکتے ہیں ۔ تحریک انصاف کی نااہل حکومت خسارہ پورا کرنے کے لیے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے مارنا چاہتی ہے ۔ وزیر اعظم کنٹینر سے نکل کر زمینی حقائق کا سامنا کریں قطر میں جلسہ کرنے سے بہتر ہے کہ ملک کے لیے کام کریں اور الزام تراشیوں کی سیاست بند کریں ان کی کابینہ میں وہی چہرے آج وزیر ہیں جو پچھلی حکومتوں میں کاسہ لیس تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ پارٹی چیئرمین کے فیصلہ کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے ہیں۔ جرم ثابت ہونے سے قبل ہی مجرم ٹہرائے جانا تحریک انصاف کے راہنماؤں کی قانون سے لاعلم ہونے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ پہلے جرم ثابت ہو اس کے بعد گرفتاری ہوتی ہے تحریک انصاف کی قیادت مطالعہ کرنے کے بعد بیان بازی کیا کرے۔