آسیہ بی بی کی بیٹیاں کینیڈا منتقل، مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بیٹیاں کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں رہائش پذیر ہیں

 
0
382

اسلام آباد جنوری 25 (ٹی این ایس): آسیہ بی بی کی بیٹیاں کینیڈا منتقل ہو گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی دونوں بیٹیاں بیرون ملک منتقل ہو گئی ہیں وہ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں رہائش پذیر ہیں. آسیہ بی بی جب جیل میں قید تھیں تو ان کی بیٹیاں اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ذرائع کے مطابق آسیہ بی بی کے خاندان کو کینیڈا نے پناہ دی تھی۔ واضح رہے مسیحی خاتون آسیہ بی بی توہین رسالت کے کیس میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔جس کو لاہور ہائیکورٹ نے برقرار رکھا۔ تاہم 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی پر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ آسیہ بی بی کے خلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا تھا، اسی باعث ان کی پھانسی کی سزا ختم کرتے ہوئے انہیں رہا بھی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ۔ اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے۔ملک کے بڑے شہروں میں حالات کئی روز تک کشیدہ رہے۔ تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ طے پا گیا۔ 5 نکاتی معاہدے کے بعد حکومت اور مظاہرین میں اتفاق پایا گیا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے پر نظر ثانی اپیل میں حائل نہیں ہو گی۔آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ مظاہروں میں ہونے والی شہادتوں پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔معاہدے میں طے پایا ہے کہ گرفتار کئیے جانے والے کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔تحریک لبیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اس سارے واقعے میں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو تحریک کے قائدین اس پر معذرت خواہ ہیں۔جب کہ دوسری جانب آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 29 جنوری کواپیل پر سماعت کرے گا ۔