وفاقی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں تیزی، 5 رکنی ڈکیت گروہ اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا

 
0
494

اسلام آباد جنوری 25 (ٹی این ایس): وفاقی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں تیزی آ گئی ہے انڈسٹریل زون پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں خوف کی علامت بنے ہوئے غیر ملکی ڈکیت گروہ کے 5 ارکان کو گرفتار کر لیا ایس ایس پی آپریشن وقار الدین سید نے دوران پریس کانفرنس خطرناک ملزمان کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سمیت ایک آڑھتی کے قتل میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن کا دوران نیوز کانفرنس کہنا تھا کہ انتہائی خطرناک ملزمان پر مشتمل گروہ دوران واردات ٹارگٹ پر سیدھی فائرنگ کرتا تھا ملزمان نے دوران تفتیش 30 کے قریب وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے پولیس نے ملزمان سے وارداتوں میں استمعال ہونے والا موٹر سائیکل اسلحہ، موبائیل فونز، سمز اور لیب ٹاپ سمیت دیگر اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ انڈسٹریل زون پولیس نے 7 غیر ملکی افراد پر مشتمل اس گروہ کے 5 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر 2 ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایس ایس پی آپریشن نے ملزمان کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔