شاہجہان مسجد سے پریس کلب ٹھٹھہ تک کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیےایک پروقار ریلی نکالی گئی، قیادت، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

 
0
341

ٹھٹھہ فروری 05 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر کی قیادت میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے متعلق آج شاہجہان مسجد سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، روینیو، سوشل ویلفیئر، زکوات و عشر، زکوات پیڈ اسٹاف، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، اسپیشل ایجوکیشن، میونسل کمیٹی ٹھٹھہ، ٹاؤن کمیٹی مکلی، ٹاؤن کمیٹی ساکرو، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، زراعت، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ٹھٹھہ، ایس پی ڈی ایس، مرف، ایس آر او کے علاوہ مختلف این جی اوز کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بینرز، پمفلیٹ اور پلی کارڈز اٹھاتے ہوئے ان کے حق میں زوردار نعرہ بازی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان تنویر نے پریس کلب ٹھٹھہ میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جو ظلم و ستم کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں اس سے ضلع ٹھٹھہ کا بچہ بچہ بخوبی آگاہ ہے اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن احتجاجی مظاہرے کا مقصد نہ صرف کشمیری مسلمان بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار اور ان کی تحریک آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے بلکہ اقوام متحدہ تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے موقف کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت نے کشمیر میں ظلم و ستم کے پہاڑ گرائے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیری مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور دنیا کے سامنے اپنا احتجاج رکارڈ کروانے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے شعور کو بھی بیدار کیا جائے تاکہ مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ قبل ازیں طلبہ کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ملی نغمے اور تقاریر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمن میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ ممتاز چنڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈی ایس پی سید افتخار شاہ، ڈی ای او سیکنڈری سراج میمن، ڈی ای او پرائمری آپا رضیہ کنبہار، ٹی ای او پرائمری سيد فدا حسین شاہ، پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر ڈاکٹر شاہد صدیقی، ہیڈ ماسٹر بوائز ہائی اسکول ٹھٹھہ نور سرائی، محمد بخش بہرانی، اشوک کمار، ایس پی ڈی سی کے چیئرمن غفور ہیجب، مرف کے ڈاکٹر داؤد ہیلایو کے علاوہ ایس آر او و دیگر مختلف این جی اوز، وکلاء، صحافی، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔