گورنر سندھ نے کنب میں رمشاء وسان کے قتل اور مندر کی بے حرمتی کے واقعات کا نوٹس لے لیا، آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب

 
0
607

کراچی فروری 05 (ٹی این ایس): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کنب میں رمشاء وسان کے قتل اور مندر کی بے حرمتی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے دونوں واقعات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ واضح رہے کہ اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش اکرانی نے گورنر سندھ کو مندر کی بے حرمتی کے واقعہ کے بارے میں آگاہی فراہم کی تھی ۔ عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ پولیس کو دونوں واقعات کی غیر جانبدار تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ رمشاء وسان سندھ کی بیٹی ہے اور اس قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ گورنر سندھ نے کنب میں مندر کی بے حرمتی کے واقعہ پر اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن کو سبوتاز کرنے کی سازش ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افرا پرامن ہیں، حکومت ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔