ہر مشکل میں پاکستان کی بھرپور حمایت کریں گے، ترک قونصل جنرل

 
0
601

صنعتی شعبے میں دونوں ممالک کی مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں، تلگا اُچک کا کاٹی سے خطاب

کراچی مارچ 07 (ٹی این ایس): قونصل جنرل ترکی تلگا اُچک نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رہے گی، دونوں ممالک کی عوام کا گہرا قلبی تعلق ہے، باہمی تجارت کا حجم بہتری کی جانب گامزن ہے، ترک سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کاٹی کے صدر دانش خان، سینیئر نائب صدر فراز الرحمن، قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ مسعود نقی، زبیر چھایا، فرخ مظہر، نائب صدر ماہین سلمان اور دیگر نے ان کا خیر مقدم کیا۔کاٹی کے صدر دانش خان نے پاک بھارت سرحد پر جاری حالیہ کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے خلاف ترکی کے صدر طیب اردگان کی جانب سے پاکستان کی دو ٹوک حمایت پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے مشکل وقت میں ساتھ نبھانے کی روایت کو برقرار رکھا، پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام ترک حکومت اور اپنے ترکی بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔دانش خان نے کہا کہ پاکستان میں ترک سرمایہ کاروں کے لیے صنعتی شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے میں واٹر ٹریٹمنٹ کے لیے ترکی کی تیار کردہ مشینری اور آلات ہماری پہلی ترجیح ہوں گے۔دانش خان نے کہا کہ صنعت، پراسیسنگ اور صنعتی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مسعود نقی نے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے میں ترکی کی تیار کردہ مشینری کا بڑے پیمانے پر استعمال ہورہا ہے، افرادی قوت کی تکنیکی تربیت کیلیے دونوں ممالک کے اشتراک سے ادارے کا قیام ہونا چاہیے۔انہوں کہا کہ نے دونوں ممالک کے تجارتی حجم حوصلہ افزا ہے اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ بعدازاں ترک قونصل جنرل تلگا اُچک نے کہا کہ ہر مشکل میں پاکستان کی بھرپور حمایت کریں گے، پاکستان کو درپیش حالیہ بحران میں ترک عوام نے بھی بڑھ چڑھ کر پاکستان کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم بتدریج بڑھ رہا ہے، اس میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چمڑے اور ٹیکسٹائل صنعت میں مشترکہ پیدواری منصوبوں پر کام کرنے کے مواقعے موجود ہیں، بالخصوص ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں یہ تعاون انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے سیاح پاکستان آنا چاہتے ہیں، یہاں ترک ہوٹلز کا قیام اس سیاحت کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوگا۔ قونصل جنرل نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے وفود کے تبادلے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر کاٹی کے سنیئر ارکان نے گرمجوشی کے ساتھ ترک حکومت کی جانب سے پاکستان کی بھرپور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔