کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ، بے گھر‘ مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کی شمولیت حوصلہ افزا ہے‘ عمران خان

 
0
500

لاہور مارچ 09 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے،بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزا ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی،ملاوٹ مافیا کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہنا چاہیے ،سیاحت کے فروغ کیلئے مربوط پالیسی مرتب کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ میں اپنی زیر صدارت اجلاسوں میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کر کے صوبے کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم سے گورنر کی ملاقات کے دوران گورنر ہائوس کی تاریخی عمارت کا اندرونی حصہ بھی عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔گورنر ہائوس کی اندرونی عمارت کے لیے گائیڈڈ ٹور ہوں گے ۔ابتدا ء میں اندرونی عمارت کی سیر ہفتے میں دو دن ہو سکے گی جبکہ گورنر ہائوس کو ہفتہ اور اتوار دو دن کھولنے کی بھی منظوری دیدی گئی ۔مذہبی سیاحت فروغ کی کمیٹی میں عمران خان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو بھی نامزد کر دیا ۔ وزیر اعظم نے صوبے میں پناہ گاہوں کے قیام ، سیاحت کے فروغ ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ کے خلاف کیے جانے والے اقدامات اور کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں اب تک کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا ۔صوبائی حکومت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لاہور میں پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت اور آئندہ مہینوں میں صوبے بھر میں مزید پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر لاہور ڈویژن مجتبیٰ پراچہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ لاہور میں اس وقت پانچ پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے جن میں سے تین اپریل کے مہینے میں جبکہ دو مئی میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔ان پناہ گاہوں کی نگرانی مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کرے گا اور حکومت اس ضمن میں فیسلیٹیٹر اور سپورٹرکا کردار ادا کرے گی۔ اس ضمن میں قانونی پہلوئوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی ۔مخیر حضرات کی اجلاس میں ہسپتالوں سے ملحقہ مریضوں کے لواحقین کے لیے قیام و طعام اور اس ضمن میں تعاون کی تجویز پروزیر اعظم نے صوبے بھر میں پناہ گاہوں کے قیام میں مخیر حضرات کی رضاکارانہ دلچسپی اور عملی خدمات کی حوصلہ افزائی کی اور مکمل حکومتی تعاون کا اعادہ کیا ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں گنجائش میں اضافہ کیا جائے اور اس ضمن میں توسیع کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے،ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبہ پنجاب میں خوراک میں ملاوٹ کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ د ی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر، وزیرِ خوارک سمیع اللہ چوہدری ، چیف سیکرٹری پنجاب و دیگر افسران شریک ہوئے ۔ وزیر اعظم کوکھانے پینے کی اشیا ء میں ملاوٹ ،خصوصا دودھ میں ملاوٹ کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہنا چاہیے۔وزیر اعظم کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کی منظوری دی ۔ اجلاس کے دوران وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں نے وزیر اعظم کو سیاحتی فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اورمذہبی مقامات کو سیاحتی فروغ کے لیے استعمال کرنے سے بھی آگاہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر قانون راجہ بشارت اور اٹارنی جنرل انور منصور نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔اس دوران وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔