سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: بھارت نے پاکستان کا اضافی پانی روک لیا

 
0
2627

پانی پر پروپیگنڈا کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے پھر بات چیت پر آجاتا ہے،حکام انڈرس واٹر کمیشن

نئی دہلی مارچ 11 (ٹی این ایس): بھارت نے پاکستان کا اضافی پانی روک لیاہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں جانے والے پانی کو روک کر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کے وزیر مملکت برائے آبی وسائل ارجن میگوال نے کہاکہ بھارت نے مشرقی دریاؤں سے اب تک 5 لاکھ 30 ہزار ایکڑ فٹ پانی پاکستان جانے سے روکا ہے اور یہ پانی اب خود استعمال کریں گے۔بھارتی وزیر نے کہا کہ 0.53 ملین ایکٹر فٹ پانی پاکستان جانے سے روکا ہے اور جب راجستھان یا پنجاب کو اس کی ضرورت ہوگی یہ تب استعمال ہوگا۔ارجن میگوال کا مزید کہنا تھا کہ روکا جانے والا پانی پینے اور زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔دوسری جانب انڈس واٹر کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کا جائزہ لے رہے ہیں، اگر بھارت نے ایسا کیا تو عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا جائے گا، بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا۔حکام انڈس واٹر کمیشن کے مطابق پانی روکنے سے متعلق بھارتی انڈس حکام نے پاکستان کو مطلع نہیں کیا، بھارت میں الیکشن کی وجہ سے پاک بھارت پانی پر مذاکرات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، پانی پر پروپیگنڈا کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے پھر بات چیت پر آجاتا ہے۔حکام انڈس واٹر کمیشن کا مزید کہناتھا کہ وزارت پانی و بجلی بہ غور جائزہ لے رہی ہے، بھارت کو پانی کا رخ موڑنے میں کئی سال لگیں گے۔