ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کا مطالبہ ، قراردار جمع قرارداد پی ٹی آئی رکن اسمبلی سیمابیہ طاہرکی جانب سےجمع کروائی گئی

 
0
365

لاہور مارچ 18 (ٹی این ایس): امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کے مطالبے کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں امریکی جیل میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کودخترپاکستان کا خطاب دینے کے مطالبے کی قرارداد جمع کروادی گئی ہے ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پربھرپور اقدامات کئے جائیں۔پنجاب اسمبلی میں یہ قرارداد پی ٹی آئی رکن اسمبلی سیمابیہ طاہرکی جانب سےجمع کروائی گئی۔ جس میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹرعافیہ کودختر پاکستان کا خطاب دیا جائے اور ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پربھرپور اقدامات کئے جائیں۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔قبل ازیں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرو استقلال اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔جبکہ گذشتہ ہفتے پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات کرنے اور اس سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں کو کہا تھا کہ جو لوگ اپنی بیٹی کی بھلائی چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ حساس معلومات پر خاموش رہیں۔ اللہ کرے کہ ہم عافیہ صدیقی کو رہا کروانے میں کامیاب ہو جائیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010ء میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، جس کے بعد سے اب تک وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔