چیئرمین سینیٹ نے ایرانی سرحدی فورسز کی جانب سے مارٹر شیلز کی فائرنگ کا نوٹس لے لیا

 
0
322

اسلام آباد مارچ 28 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے سرحدی گاؤں تلپ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ایرانی سرحدی فورسز کی جانب سے مارٹر شیلز کے ذریعے فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔محمد صادق سنجرانی نے یہ نوٹس مقامی لوگوں کی شکایت پر لیا ہے اورسیکرٹری خارجہ سے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی اور عوام کے جان و مال کو درپیش خطرات سے متعلق 15 روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے۔سیکرٹری خارجہ کو لکھے گئے خط میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اس معاملے کو ایران کے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے اور ایک جامع رپورٹ 15 روز میں چیئرمین سینیٹ کو پیش کی جائے۔