اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے طلبہ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، گورنر سندھ

 
0
290

کراچی جولائی19( ٹی این ایس)گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ ساتھ ساتھ طلبہ کی حوصلہ افزائی سے ہی مطلوبہ نتائج کا حاصل کئے جا سکتے ہیں ، خوشحال ، روشن ، مستحکم اور عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام کے لئے اعلیٰ تعلیم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے، آج کے دور کی تمام تر ترقی کا سہرا اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کی مرہون منت ہے ، موجودہ دور میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، تحقیق اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے ترجیحی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری اور جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں تعریفی اسناد اور کیش ایوار ڈ ز دینے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کیش ایوارڈ کا مقصد محنت کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ دوسرے طلبہ کو ترغیب دینا مقصودہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ طلبہ محنت اور لگن کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے حصول پر محنت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے خواب کو شرمندہ تعمیر کرنے کے لئے صوبہ میں بھی اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، عصرحاضر سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے لیپ ٹاپ اسکیم متعارف کرائی جس کے بھی مثبت نتائج حاصل ہوئے جس کے بعد اس کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے اب دوسرے سیمسٹر میں داخل ہونے والے تمام طلبہ کوبھی وزیر اعظم پاکستان اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری اور جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے حصول میں محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے ہیں ، آج کی تقریب ان یونیورسٹیز کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی حاصل کرنے کے لئے منعقد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہو نہار اور ذہین طالب علموں کے والدین اور اساتذہ بھی یکساں مبارک باد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کی توجہ اور رہنمائی کے باعث انہوں نے یہ مقام حاصل کیا ۔ تقریب میں بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ اور جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے چانسلر وجیہہ الدین بھی تقریب میں شریک تھے ۔ تقریب میں بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے سیف علی ، عائشہ ، محمد عثمان ، سرینا، حسن علی ، رابیعہ ، محمد عمیر ، رقیہ ، پارس میمن اور عبد العلیم جبکہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین کی طالبات شائستہ ، سمیہ جمال ، افرا جاوید ، نجف فاروق، شفا ہارون ، رخسار جمشید ، عائشہ اقبال ، طاہرہ اکبر اور عمارہ راشد کو کیش ایوارڈز اور تعریفی اسناد دی گئیں