سی ڈی اے کا سیکٹر E-12 میں غیر قانونی قبضہ ختم کروانے کے لیے تیسرے روز بھی بھر پور آپریشن جاری رہا موضع سری سرال کی سرکاری اراضی مکمل طور پر واگذار کرا لی گئی

 
0
2265

اسلام آباد مارچ 30 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کا سیکٹر E-12 میں سرکاری اراضی واگذار کرانے کے لیے بھر پور آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ہفتہ کے روز کیے جانے والے آپریشن کے آغاز پر چند عناصر نے آپریشن کو روکنے کی کوشش کی، ان عناصر نے آپریشنل سٹاف پر پتھراؤ کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس میں ایک ویل ڈوزر کا شیشہ بھی ٹوٹا اور چند آپریشنل ملازمین زخمی بھی ہوئے۔

تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے اضافی پولیس کی نفری کو طلب کرتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کرنے والے 10 شر پسند عناصر کو گرفتار کر کے صورت حال پر قابو پا لیا گیا اور حالات کے سازگار ہونے پر آپریشن دوبارہ بھر پور طریقے سے شروع کر دیا گیا اور کافی تعداد میں ایکوائرڈ سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگذار کروا لیا گیا۔
اس آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے 250 افسران اور ملازمین ،اسلام آباد انتظامیہ کے افسران، پولیس کی بھاری نفری ، سی ڈی اے کے لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ، سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ دیگر شعبوں نے حصہ لیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز بھی موقع پر موجود تھی۔ آپریشن میں غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری بھی استعمال میں لائی گئی۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 سے سرکاری اراضی واگذار کرانے کے لیے ایک ماہ قبل آپریشن شروع کیا تھا جس میں آہستہ آہستہ تیزی لائی گئی۔ اس سے قبل سی ڈی اے نے خالی زمین کو اپنے قبضہ میں لینے کے بعد اب آپریشن کی رفتار میں تیزی لاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات جن میں مکان شامل ہیں کو گرانے اور قبضہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز شروع کیے جانے والے آپریشن جو سیکٹر کی سرکاری اراضی کے مکمل قبضہ لینے تک  جاری رہے گا کے دوران سیکٹر E-12   کی خاطر خواہ اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا جائے گا۔ حصول شدہ اراضی کو سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کیا جائے گا جو پہلے سے ہی سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کام کر رہا ہے۔