پولیو ایک خطرناک مرض ہے کیونکہ انسان کو پوری زندگی کیلئے معذور بنا دیتا ہے، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

 
0
341

ٹھٹھ اپریل 02 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے کیونکہ انسان کو پوری زندگی کیلئے معذور بنا دیتا ہے، یہاں کے لوگ پولیو کے قطروں کو ایسے ہی سمجھ کر دل و جان سے اہمیت نہیں دیتے لیکن جن کے معصوم بجے پولیو کے باعث معذور ہوئے ہیں ان سے کوئی پوچھے کہ معذوری کیا ہوتی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے دربار ہال مکلی میں آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسدا پولیو مہم سے قبل ایسی حکم عملی تشکیل دیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ گھر گھر پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور مہم کے دوران ضلع کی تمام این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں، معززین، علماءکرام باالخصوص والدین کو بھی مہم میں شامل کریں اور ایف ایم سمیت دیگر میڈیا پر بھی پولیو کے متعلق عوام میں شعور بیدار کریں تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں اور بسوں، سوزوکیوں اور ویگنوں کو چند منٹوں کے لیے اسٹاپوں پر روکیں تاکہ ان گاڑیوں میں سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر محمکہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر راجیش کمار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ پولیو مہم کے دوران اسٹاف کی کمی کے باعث کچھ بچے پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ پولیو کے قطرے پینے سے وہ جانے والے بچوں کے آج ہی قطرے پلائے جائیں اور آئندہ مہم کے دوران اس قسم کی شکایت نہیں ملنی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر کو 22- تا 28- اپریل 2019ء تک آئندہ انسداد پولیو مہم کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ مہم کے دوران ضلع میں 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 3 ہزار 919 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگیٹ مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت 603 گشتی ٹیمیں، 47 فکسڈ اور 59 ٹرانزسٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 148 ایریا انچارجز اور 54 یو سی ایم اوز کو بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ مقررہ حدف حاصل کرکے مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز، محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پولیس اور انفارمیشن کے افسران کے علاوہ ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، این اسٹاپ، پی پی ایچ آئی، مرف و دیگر مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان تنویر نے کہا کہ ہم سب سرکاری ملازم ہیں ہر ایک اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کرکے اپنا فرض پورا کریں