عوام کے جان، مال اور صحت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،خون کے عطیے کے حوالے سے قانون سازی کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا،

 
0
798

اسلام آباد اپریل 12 (ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ عوام کے جان، مال اور صحت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، بہت ساری ہماری بیٹیاں تھیلیسیمیا کا شکار ہیں، اسلام آباد کے کالجز یونیورسٹیز میں خون کے عطیے کے لیے کیمپ لگائیں گے، خون کے عطیے کے حوالے سے قانون سازی کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کے دورہ کے موقع پر کیا۔
وہاں پر موجود مریضوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کئے۔ ان مریضوں میں زیادہ تر تھیلیسیمیا اور خون کے سرطان کا شکار ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے سندس فاؤنڈیشن کے لئے اپنے خون کا عطیہ بھی دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ جب تک زندہ رہوں گا سندس فاونڈیشن کے لیے کام کروں گا، سندس فاونڈیشن تھلیسیمیا کے حوالے سے ملک میں منفرد خدمات انجام دے رہی ہے، سلام ہے اس ماں کو جس کے بیٹے بیمار بچوں کے لیے خون عطیہ کرتے ہیں، جس کے دل میں درد ہوتا ہے اللہ اس کے دل میں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان مال صحت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، بہت ساری ہماری بیٹیاں تھیلیسیمیا کی شکار ہیں، اسلام آباد کے کالجز یونیورسٹیز میں خون کے عطیے کے لیے کیمپ لگائیں گے، خون کے عطیے کے حوالے سے قانون سازی کے لیے اسمبلی میں بل پیش کروں گا۔ اس موقع پر آئی جی پی اسلام آباد اور سندس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ سندس فاؤنڈیشن میں تقریبا ساڑھے تین سو مریض زیر علاج ہیں۔ اس فاؤنڈیشن میں مہنگے سے مہنگا علاج بھی مفت کیا جاتا ہے۔