عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، انصاف ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، انصاف کی عدم فراہمی قوموں کی تباہی کا سبب بنتی ہے , سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے گفتگو

 
0
344

اسلام آباد اپریل 17 (ٹی این ایس): سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،انصاف ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، انصاف کی عدم فراہمی قوموں کی تباہی کا سبب بنتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک میں انصاف کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہاکہ انصاف کا حصول عوام کے بنیادی حقوق میں شامل ہے اور اس کی فوری فراہمی کو یقینی بناناریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، موجودہ حکومت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٴْٹھا رہی ہے۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی محتسب کی جانب سے خدمات کی فراہمی میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی جانب سے شکایت کے ازالے اور انہیں انصاف کی فراہمی میں وفاقی محتسب کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لے کر انہیں جلد حل کیا جا ئے۔ وفاقی محتسب کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں انصاف ہو گا تو ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی،عوام تک رسائی میں اضافے کو یقینی بنانے کے لئے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا استعمال وقت کی اہم ضروت ہے ۔
سپیکرقومی اسمبلی نے وفاقی محتسب کو انصاف کی فراہمی کے عمل میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پرو فاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ اسپیکرکی اس حوصلہ افزائی پر ان کا شکرگزار ہوں، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ جدید انفارمیشن ٹیکنالاجی کے ذریعہ عوام تک رسائی کو یقینی بنائیں گے ۔ وفاقی محتسب نے ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو وفاقی محتسب کی سال 2018کی رپورٹ بھی پیش کی۔