سی ڈی اے کی اسلام آباد میں انسداد تجاوزات مہم جاری ہے جس کے لئے سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ کی ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں

 
0
9942

اسلام آباد اپریل 19 (ٹی این ایس): آپریشن کے ذریعے سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا ہے۔ موئثر ما نیٹرنگ کو یقینی بنا یا جا راہا ہے تاکہ پورے اسلام آباد بشمول کچی آبادیوں میں کسی قسم کی نئی تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کے روز آپریشن میں مشرف کالونی سیکٹر G۔8/4 میں تین باؤنڈری والز، ہنسا کالونی سیکٹر G۔8/1 میں زیر تعمیر تین کمرے اور 8 باؤنڈری والز ایک واش روم اور ایک کمرہ سیکٹر H۔9 کی کچی ابادی میں مسمار کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز میں کی جانے والی تجاوزات پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ مارکیٹوں میں تجاوزات نہ کی جاسکیں، اس ضمن میں سی ڈی اے نے اسلام آباد کی آبپارہ مارکیٹ میں بھرپور آپریشن کر کے فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان، برآمدوں میں کی جانے والی تجاوزات کو ہٹا کر دس ٹرک سامان اپنے سٹور میں شفٹ کر دیا ہے، اسی طرح مرکز G۔ 9 اور کھڈا مارکیٹ G۔7 میں بھی آپریشن کر کے سامان کو سٹور میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ان تجاوزات سے نہ صرف مارکیٹ میں آنے والوں کو مشکلات کا سامنا تھا بلکہ اس سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی رکاوٹ درپیش آرہی تھی۔
سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے پارک روڈ کے دونوں اطراف کی جانے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی آپریشن کیا اور تجاوزات کو مسمار کر دیا۔
جمعہ کے روز کیے جانے والے آپریشن میں سید پور گاؤں کے محلہ اعوان میں بھی غیر قانونی طور پر تعمیر کیے جانے والے کمرے کو بھی گرا دیا، اسی طرح کی ایک اور کاروائی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بلڈنگ کنٹرول سیکشن کے ہمراہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر مرکز G۔10 کے بلاک نمبر B۔10 کے ٹاپ فلور پر تعمیر کئے گئے پانچ کمروں کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔